السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ، میرے بلاگ پر خوش آمدید۔ آمدنت باعث آبادی ما۔
میرا نام محمد سلیم ہے۔ تعلیمی قابلیت بس اُتنی ہی ہے جتنی حکومت پاکستان نے قومی اسمبلی کے امید واروں کیلئے اہلیت کی شرط کے طور پر مقرر کی ہے اور عمر اتنی کہ کبھی کبھی لڑکے لڑکیوں کے منہ سے انکل بھی سننا پڑ جاتا ہے۔ پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر ملتان کا رہائشی ہوں، شادی شدہ اور تین بچوں کا باپ ہوں۔ آجکل میں چین کے شہر شانتو میں رہتا ہوں اسی مناسبت سے (محمد سلیم / شانتو-چائنا) لکھتا رہا ہوں۔ کچھ دوستوں نے مجھے محمد سلیم شانتو صاحب بھی کہہ کر مخاطب کیا۔ شانتو کا نام ہر وہ شخص جانتا ہے جس کا کسی نہ کسی طریقے سے کھلونوں کی صنعت سے تعلق ہے۔ شانتو چین کے مشہور شہر گوانزو سے تقریبا 300 کیلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے اور لگ بھگ اتنا ہی دور ھانگ کانگ سے ہی بنتا ہے۔ وقتا فوقتا آپ سے اس بارے میں مزید بات ہوتی رہے گی۔
میں جب کمانے کی عمر کو پہنچا تو تعلیم چھوڑ کر عازم سعودیہ ہوا۔ یہ وہ زمانہ تھا جب نو وارد کو کہا جاتا تھا اب سعودیہ آئے ہو جب یہاں کے میلے اور بہاریں ختم یا اُجڑ گئیں ہیں، ملازمت تعلیم اور ہنر کے بل بوتے پر نہیں ڈیرہ داروں  کی واقفیت اور اُن کے تعلقات کی نوعیت کے مطابق ملا کرتی تھی۔ مجھے پہلے کام اور بعد میں رہائش عربوں (مصریوں) کے ساتھ مشترکہ ملی تو  عربی پر خاصا عبور حاصل ہوا، اپنے ہموطن حیرت سے دیکھتے کہ جو عربی زبان اور اُسکا لب و لہجہ وہ دس سالوں سے نہیں اپنا سکے تھے وہ میں سال بھر میں ادا کر رہا تھا۔ ملازمت کے ابتدائی سالوں سے ہی بزنس ٹورز کی زد میں آیا تو میں نے اسے سیر و تفریح کا ذریعہ جانا اور مشرق بعید کے ہر سفر سے واپسی پر گھر پھیرا لگانا فرض، جبکہ محلے داروں نے ہر دوسرے  تیسرے مہینے محلے میں پھرتا دیکھا تو سمجھا کہ منڈا لگتا ہے پاؤڈر کا کام کر رہا ہے۔ اب صورتحال یہ ہے کہ اقامہ سعودی عرب کا ہے، رہائش پاکستان میں ہے اور کام چین میں کر رہا ہوں۔
اردو ادب کے تو آپ خود شاہسوار ہیں جبکہ میرا اس صنف سے زیادہ پالا نہیں پڑا ، جتنا ایک عربی سے واقفیت ہے اسکا فائدہ اُٹھاتے ہوئے میں آنے والی منتخب ایمیلز کا اردو میں ترجمہ کر کے جانے والی ایمیلز بنا دیتا ہوں، یا پھر کبھی کبھار کسی ہلکے پھلکے موضوع پر کچھ لکھ کر آپ کی خدمت میں پیش کر دیتا ہوں۔ آپ پسند کرتے ہیں یہ آپ کی محبت، عنایت اور شفقت ہے، میں اسے اپنی صلاحیت ہرگز نہیں سمجھتا۔
اپنا خیال رکھیئے اور خوش رہیئے، مجھے اپنی دعاؤں میں یاد رکھیئے، اللہ آپ کا حامی و ناصر ہو۔ والسلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ۔۔۔